ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مہاراشٹر کانگریس کے نئے عہدیداران میں کئی مسلم چہرے بھی شامل

مہاراشٹر کانگریس کے نئے عہدیداران میں کئی مسلم چہرے بھی شامل

Sat, 06 Feb 2021 09:45:41    S.O. News Service

ممبئی،6؍فروری(ایس او نیوز؍یو این آئی) مہاراشٹر کانگریس کے نئے تقرر شدہ صدر نانابھاؤ پٹولے کے ہمراہ جن نئے عہدیداران کی تقرری عمل میں آئی ہے اس میں مسلم چہرے بھی شامل ہیں جس میں سبق وزرأ و سابق رکن پارلیمنٹ کا نام بھی ہے۔ جن نئے کار گزار صدور کے ناموں کا اعلان ہوا ہے اس میں سابق وزیر و سینئر کانگریس لیڈر محمد عارف نسیم خان واحد مسلم نمائندے ہیں نیز ریاست کے مسلمانوں میں ان کی اچھی پکڑ ہے وہ تمام طبقات میں یکساں مقبول ہیں۔

جب عارف نسیم خان اقلیتی امور وزیر تھے تو انہوں نے پوری ریاست میں مسلمانوں کو سرکاری اسکیم سے فائدہ دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا نیز گزشتہ کانگریس کی قیادت والی حکومت میں مسلم ریزرویشن کے بھی وہ معمار تھے۔ اسی طرح سے سابق رکن پارلیمنٹ حسین دلوائی اور سابق رکن کونسل و وقف بورڈ کے چیئرمین ایم ایم شیخ کا نام بھی نائب صدور کی فہرست میں شامل ہے۔

حسین دلوائی کا تعلق ریاست کے ساحلی مقام کوکن سے ہے وہاں وہ کافی مقبول ہیں نیز دیہی علاقوں میں ان کا اچھا اثر ہے۔ ایم ایم شیخ ایک عرصہ تک ریاستی قانون ساز کونسل کے رکن رہےہیں وہ وقف بورڈ کے چیئرمین کے عہدے پر بھی اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں اس کے علاوہ کانگریس کے اقلیتی شعبہ کے ریاستی صدر تھے۔ ممبئی کے نگراں وزیر اسلم شیخ، سابق وزیر بابا ضیائ الدین صدیقی اور سابق رکن کاونسل مظفر حسین کو 38؍ممبران پر مشتمل جمبو پارلیمانی کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔ اسلم شیخ سینئر کانگریس رکن اسمبلی ہیں۔فی الوقت وہ مہاراشٹر کے ٹیکسٹائل کے وزیر ہیں اور ممبئی کے نگراں وزیر کی ذمہ داری بھی ان کے کاندھوں پر ہے۔

بابا صدیقی کا تعلق ممبئی کے مضافات سے ہے وہ کانگریس حکومت میں ریاستی وزیر بھی رہہ چکے ہیں جبکہ ان کے فرزند ذیشان صدیقی باندرہ ایسٹ نامی علاقہ سے کانگریس کے رکن اسمبلی ہیں۔ مظفر حسین کانگریس کے سابق رکن کاونسل ہیں۔حال ہی میں انہیں دوبارہ کانگریس پارٹی نے قانون ساز کونسل کی رکنیت کیلئے نامزد کیا ہے۔ اس سے قبل وہ کانگریس کے لوک سبھا امیدوار بھی تھے لیکن انہیں شکست ہوئی تھی۔


Share: